تحریر۔سجاد کاظمی
محکمہ تعلیم پنجاب بجٹ کا33فیصد خرچ ہی نہ کرسکا
10یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے انٹرویو کینسل ، دوبارہ اشتہار دینے کا فیصلہ،
136 امیدواروں نے امتحان میں نقل کی
۔محکمہ تعلیم پنجاب بجٹ کا33فیصد خرچ ہی نہ کرسکا ۔ محکمہ تعلیم پنجاب مالی سال2014/15 کے کل تعلیمی بجٹ کا33فیصد خرچ ہی نہ کرسکا جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے مختص کردہ بجٹ سے بھی31فیصد زائد خرچ کرلیا۔ ضلعی حکومتوں کا بجٹ نکال کر بجٹ2015/16کے لئے کل ایجوکیشن کے بجٹ کے لئے103ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال ضلع حکومتوں کا بجٹ نکال کر2014/15میں84ارب روپے مختص کئے گئے تھے جس میں سے صرف56ارب روپے خرچ کئے گئے اس طرح 2014/15میں کل بجٹ کا28ارب روپے خرچ نہیں کئے گئے اس طرح کل33فیصد بجٹ استعمال میں نہیں لایا گیا۔ گزشتہ سال2014/15میں غیر ترقیاتی ایجوکیشن بجٹ کے لئے46ارب روپے رکھے گئے تھے جس میں سے 37ارب روپے خرچ کئے گئے۔یعنی کل مختص بجٹ کا20فیصد خرچ ہی نہیں کیا گیا۔ اس سال غیر ترقیاتی بجٹ2015/16میں تقریبا60ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا ترقیاتی بجٹ2014/15 میں7.5بلین (ساڑھے سات ارب) روپے مختص کئے گئے تھے مگر اس کے برعکس تعلیم کے دیگر شعبوں کا بجٹ نکال کرساڑھے سات ارب روپے کی بجائے9ارب 80کروڑ خرچ کرلیا گیا یعنی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے131فیصد بجٹ خرچ کیا ہے۔ اسی طرح دانش سکولز کی ڈویلپمنٹ کے لئے2.00بلین روپے( دو ارب روپے) رکھے گئے تھے مگر اس پر زیادہ خرچ کرتے ہوئے2.033بلین روپے خرچ کرلئے گئے۔ دیگر سکولوں کے پراجیکٹ کے لئے 18ارب دو کروڑ روپے رکھے گئے تھے مگر صرف2ارب روپے خرچ کئے گئے اس طرح ترقیاتی بجٹ کا11فیصد استعمال کیا جاسکا ہے جو قابل افسوس امر سمجھا جارہا ہے۔گزشتہ ایجوکیشن ترقیاتی بجٹ2014/15کے لئے38ارب دو کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے ان میں سے صرف19ارب 7کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔ یعنی2014/15میں ترقیاتی بجٹ کا50فیصد خرچ نہیں کیا گیا۔
۔10یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے انٹرویو کینسل ، دوبارہ اشتہار دینے کا فیصلہ ۔ امیدواروں کا سرچ کمیٹی کے ممبران پر اعتراض، ایڈمن کی پوسٹ پر ریسرچ کی توجہ زیادہ، شارٹ لسٹ پر اعتراض، ایک امیدواروں کو ایک سے زائدیونیورسٹیوں میں تعینات کرنے کی سفارش اور10یونیورسٹیوں کی ایک ہی وقت میں ایڈورٹائزنگ پر اعتراض۔ ہائر ایجوکیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے معلومات کو خفیہ رکھنے کے لئے عہد کیا گیا تھا جس کی وجہ سمری میں موجود30افراد کی معلومات دینے اور موجودہ صورتحال بتانے سے گریز کیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو کسی دوسری یونیورسٹی اور دوسرے ضلع میں تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے جو ایک عجیب عمل ہے۔ سرچ کمیٹی میں شامل لمز یونیورسٹی سے سید بابر علی، ظفر اقبال قریشی کے ناموں پر امیدواروں نے اعتراضات کئے ہیں کہ پنجاب کی پبلک یونیورسٹیوں کی نمائندگی کمیٹی میں شامل نہیں ہے ایچ ای سی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر10یونیورسٹیوں کے لئے30افراد کی سمری بھیجی جانی ضروری تھی جو تاحال نہیں بھیجی گئی ہے ۔
مائیکروسافٹ اورایچ ای سی کا معاہدہ۔ مائیکروسافٹ پاکستان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اپنے تعلیمی الائنس معاہدے کے تحت ’’ لانچ آف سٹوڈنٹس ایڈوانٹیج پروگرام ‘‘ کے موقع پر پاکستان میں اعلی تعلیمی اداروں کے ساتھ رجسٹرڈ طلباء کیلئے Office 365 سروسز کی دستیابی کا اعلان کیا ہے۔ایچ ای سی اور مائیکروسافٹ کے درمیان تعلیمی الائنس کا معاہدہ ایک قابل ذکر انیشی ایٹیو رہا ہے گزشتہ پانچ سالوں سے پورے پاکستان میں یونیورسٹیوں کے طلباء، اساتذہ اور عملے کو شاندار اقدار اور فوائد فراہم کررہا ہے ۔ مائیکروسافٹ پاکستان کے کنٹری منیجرندیم ملک نے کہا کہ آفس 365 کی سروسز پاکستان کے اندر تعلیمی اداروں میں طالب علموں کو مفت دستیاب ہوں گی ۔ اس اقدام کا مقصد 156 پاکستانی یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو آفس 365 سلوشنز فراہم کرنا ہے ۔انھوں نے کہا کہ بہت جلد ،کسی بھی ایچ ای سی سے منظور شدہ تعلیمی ادارے میں کام کرنیوالا ہر فیکلٹی ممبر تازہ ترین آفس 365 کی ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے۔
۔یوایم ٹی انٹرنیشنل تعلیمی نمائش میں360 اسٹال لگیں گے ۔ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈٹیکنالوجی (یوایم ٹی)نے 30اکتوبرتا یکم نومبرکولاہورایکسپوسنٹرمیں سہ روزہ انٹرنیشنل تعلیمی وٹیکنیکل نمائش کے لیے یوایم ٹی کے ریکٹر ڈاکٹرحسن صہیب مرادنے عابد ایچ کے شیروانی کوچیف آرگنائزر مقرر کردیا ہے جبکہ پروگرام کی کامیابی کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔نمائش میں دنیابھرسے ماہرین تعلیم،کامیاب بزنس مین،نیشنل اورملٹی نیشنل کمپنیوں کے مالکان،سول سوسائٹی ومیڈیاکے نمائندگان اوربزنس فرم شرکت کریں گے۔نمائش میں انرجی،ٹیکسٹائل،زراعت،ٖفوڈ،صحت،انجنیرئنگ،کمیونیکیشن اورٹیکنالوجی کے شعبوں میں360سے زائدسٹال لگائے جائیں گے۔امریکہ،برطانیہ،ترکی،یورپی یونین،چائنہ،مشرق وسطیٰ،کوریا،ملائیشیاسمیت پچاس سے زائدایگزیبیٹرزشرکت کریں گے ۔ڈاکٹرحسن نے کہا کہ اس پروگرام کاافتتاح ترکی کے وزیراعظم یانائب وزیراعظم کریں گے اور دولاکھ سے زائدافرادوزٹ کریں گے۔
۔پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے 17میڈیکل کالجز میں داخلوں پر پابندی عائد کردی ۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ہلال احمر، شیخ زاید کے دونوں میڈیکل کالجز سمیت پاکستان کے17میڈیکل کالجز کے ایم بی بی ایس کے داخلوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ پی ایم ڈی سی کی رجسٹرار ڈاکٹر شائستہ فیصل کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے 9کالجز سمیت پاکستان کے17کالجز پر اس سال2015/16کے ایم بی بی ایس کے داخلوں پر پابندی عائد کردی ہے ان کالجز میں پاک ریڈ کریسنٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور، حشمت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج گجرات، ساہیوال میڈیکل کالج ساہیوال، الرازی میڈیکل کالج پشاور، ایبٹ آباد انٹر نیشنل میڈیکل کالج ایبٹ آباد، فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینتل کالج اسلام آباد، وویمن میڈیکل کالج ایبٹ آباد، محمد بن قاسم ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج کراچی، یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری لاہور، راشد لطیف میڈیکل کالج لاہور، شیخ زاید میڈیکل کالج رحیم یار خان، اسلامیہ انٹر نیشنل میڈیکل کالج راولپنڈی، شیخ خلیفہ بن زاید النیہان میڈیکل کالج لاہور، انڈس میڈیکل کالج ٹنڈو محمد خان، ڈی جی خان میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان اور ڈیپارٹمنٹ آف ڈینٹسٹری باچا خان میڈیکل کالج مردان شامل ہیں۔
جی سی یونیورسٹی میں نینو کمیسٹری لیبارٹری قائم ۔ نامور سائنسدانوں اورماہرینِ کیمیاء کی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹرمحمدخلیق الرحمان کو جی سی یونیورسٹی لاہور میں پنجاب کی پہلی نینو کمیسٹری لیبارٹری بنانے پر مبارکباد ۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سائنسدان(ایمریٹس)پروفیسر ڈاکٹر این ایم بٹ کا کہنا ہے کہ نینو ٹیکنالوجی کو پاکستان میں بے حد نظر انداز کیا ہے ،جبکہ یہ ہماری سیالکوٹ اور فیصل آباد کی انڈسٹری میں انقلاب لا سکتی ہے۔پاکستان میں صرف کراچی میں ایک نینو کیمسٹری لیب ہے،لیکن جی سی یو پنجاب کی پہلی یونیورسٹی ہے،جس نے جدید نینو کیمسٹری لیب قائم کی ہے ۔ وائس چانسلرنے کہا کہ جی سی یو نے اس فیلڈ میں2امریکی پیٹنٹ بھی حاصل کر چکی ہے،جس سے ملکی صنعت فائدہ اٹھائے گی ۔ڈائریکٹر نینو کیمسٹری لیب ڈاکٹر محمد اخیار فرخ کا کہنا تھا کہ جی سی یومیں جولائی میں پہلی نینو سائنس ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے،تاکہ نینو کیمسٹری کی فیلڈ میں تحقیق کو فروغ دیا جا سکے۔
136 امیدواروں نے امتحان میں نقل کی۔ صوبہ بھر میں دوران امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ I سالانہ امتحان 2015 میں 136 امیدواران ناجائز زرائع جبکہ 26 امیدواران پر تلبیسی شخصی کے کیسز بنائے گئے۔صوبہ بھر میں جاری انٹرمیڈیٹ پارٹ I سالانہ امتحان 2015 کے سلسلہ میں آخر ی روز پرچہ فزکس ، میوزک اور ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن منعقد ہوئے۔ پارٹ I سالانہ امتحان میں صوبہ بھر میں قائم 09 بورڈز �آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں 536713 امیدواران شرکت کر رہے تھے۔ جن میں سے 126706 لاہور، 103812 گوجرانوالہ ، 35877 بہاولپور، 33081 ڈیرہ غازی خان، 47681 ملتان، 32638 سرگودھا، 75592 فیصل آباد ، 52035 راولپنڈی اور ساہوال بورڈ میں 29291 امیدواران شامل ہیں۔ امیدواران کی سہولت کے لیے 1906 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔جبکہ 6635 اساتذہ نے امتحانی فرائض سر انجام دیے۔حکومت پنجاب اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں قائم 1906 امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کی گئی اور روزانہ کی بنیاد پر ہائر اتھارٹی کو رپورٹ مہیا کی گئی۔ دوران امتحان تمام امتحانی مراکز کی انسپکشن کو یقینی بنایا گیا جس کے نتیجے میں 136 امیدواران ناجائز زرائع اور 26 امیدواران پر تلبیسی شخصی کے کیسز بنائے گئے۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی میں جاب فئیر۔ نیوآڈیٹوریم کمپلیکس میں دوروزہ جاب فیئرکا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کیا جبکہ ملت ٹریکٹر کے ایم ڈی سکندر مصطفی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ جس میں 18سے زائد قومی اور ملٹی نیشنل صنعتی اداروں اور سافٹ ویئر کلاسز طلبہ میں ٹیلنٹ کی تلاش اور بہترین مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کیلئے سٹال لگائے۔ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہاکہ یوای ٹی ہیومن ریسورس کی بہترین تیاری کے لیے کوشاں ہے، ملکی ترقی کے لیے جدت کی حامل ہیومن ریسورس کسی بھی ملک کا سرمایہ ہے ۔ملت ٹریکٹر کے ایم ڈی سکندر مصطفی نے کہا کہ پاکستان بھر سے مزید فرموں اور کمپنیوں کو اس قسم کے جاب کیئر فیئر منعقد کروانے چائیں۔جاب فیئرکے آرگنائزر ڈاکٹر پرویزمغل کے مطابق2500 گریجوایٹ کے سی وی اکھٹے کیے ہیں۔اس لحاظ سے یہ ملکی تاریخ کاسب سے بڑا جاب فیئر ہے۔جس میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے تقریبادوہزار پوسٹر نمائش کے لیے لگائے گئے ہیں۔
ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا سیمینار۔ اعلیٰ تعلیم میں کوالٹی ایشورنس کے عنوان سے کنگ ایڈورڈ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا، مہمان خصوصی ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر نوید اے ملک تھے۔ا نہوں نے ہائیرایجوکیشن اور معیاری تعلیم کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے موجووہ نظام تعلیم کی ترقی میں درپیش چیلنجز کا ذکر کیا جن پر قابو پا کرملک میں موجود اعلیٰ نظام تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔سیمینار سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پرووائس چانسلرڈاکٹر قاضی سعید، ڈاکٹرسید محمداویس ، ڈاکٹرمحمد نواز، نے بھی خطاب کیا۔اِس موقع پرڈاکٹر عامر اعجاز، نسرین لودھی اور مختلف یونیورسٹی کے بیشتر نمائندگان اورفیکلٹی ممبران کی کثیر تعداد نے خصوصی شرکت کی۔
نیشنل کالج آف آرٹس کی فوٹو گرافی واک۔ آرکائیوز ڈیپارٹمنٹ، نیشنل کالج آف آرٹس نے فوٹو گرافی واک بعنوان”اولڈ سٹی لائف”کا اہتمام کیا۔ واک میں این سی اے، پنجاب یونیورسٹی ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز یونیورسٹی، سرگودھا یونیورسٹی ، لاہور کیمپس ، FMHکالج آف میڈیسن اینڈ ڈنٹسٹری لاہور ، کالج آف ہوم اکنامکس لاہور اور لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی کے طلبہ نے حصہ لیا۔33آرٹسٹوں کی تصویریں شامل تھیں۔ نمائش کا افتتاح پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے کیا اور نمائش میں شامل آرٹسٹوں کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے آخر میں پرنسپل نے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ ہم اپنے آرٹ، کلچر اور ہیرٹیج کا خاص خیال رکھیں اور محفوظ بنائیں تاکہ وہ آئندہ نسلوں تک پہنچ سکے۔
اسلامیہ یونیورسٹی کے وفد کا لاہورپریس کلب کا دورہ۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورمیڈیاسٹڈیزڈیپارٹمنٹ کے طلبہ نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹرعبدالواجد خان کی سربراہی میں لاہورپریس کلب کا تعلیمی دورہ کیا۔وفد کی آمد کے موقع پر نثارعثمانی آڈیٹوریم ہال میں تقریب منعقد کی گئی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری افضال طالب اور ممبر گورننگ باڈی شعیب عزیز نے طلبہ کے وفد کو خوش آمدید کہا۔
میٹرک، انٹر میڈیٹ پوزیشن ہولڈرز طلبامیں مایوسی ۔ میٹرک، انٹر میڈیٹ2014کے پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کو وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے انعامات کی تقسیم پر بیشتر طلبہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دو تین دن سے ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں ہم وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی داد وصولی کے لئے آئے ہوئے ہیں مگر وزیر اعلی جانب سے دوسری اور تیسری پوزیشن والوں کو انعام نہیں دیئے گئے۔ دیگر صوبوں کے طلبہ نے اعتراض کیا ہے کہ اگر وزیر اعلی پنجاب نے ہمیں انعام نہیں دینا تھا تو ہمیں اتنی دور کیوں بلایا گیا۔
کالج آف ٹورزم اینڈ مینجمنٹ میں ما ڈرن کوزین ورکشاپ کا انعقاد ۔کوتھم نے اپنے لاہور کیمپس میں ما ڈرن کوزین ، مالیکیولر گیسٹرانومی (ماڈرن فوڈ ٹیکنیکس ) اینڈ فوڈ سٹائلنگ پر دو روزہ کلنری ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس دو روزہ ورکشاپ کے ٹرینرز مالیکیولر گیسٹرانومی (ماڈرن فوڈ ٹیکنیکس ) کی فیلڈ میں سپیشلائزڈ، بین الاقوامی شہرت یافتہ شیفز محمد رئیس اور مکیش خیمجی تھے جواس ٹریننگ سیشن کے انعقاد کے لئے خصوصی طور پر دبئی سے تشریف لائے ، اور مالیکیولر گیسٹرانومی(ماڈرن فوڈ ٹیکنیکس ) کی سپیشلائزڈ فیلڈ کو متعارف کروایا جو اب تک پاکستان میں کلنری آرٹس کا ایک نیا تصور ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شیف محمد رئیس اور شیف مکیش نے کہا کہ اس ورکشاپ کا بنیا دی مقصد پاکستان میں کھانے بنانے کی ماڈرن ٹیکنیکس کی ترویج کے ساتھ ساتھ پاکستانی کلنری انڈسٹری کو فروغ دینا تھا ۔
وزیراعلیٰ کا 4 ہزار نوجوانوں کو 75، 75 ہزار روپے کے بلاسود قرضے دینے کا اعلان۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانو ں پر مشتمل ہے۔پنجاب حکومت نے آئندہ 3 برس میں 20 لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے جسے ہر صورت میں پورا کیا جائے گا۔ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر مالیاتی ادارے نوجوانو ں کو ہنرمند بنانے کے پروگراموں میں تعاون کریں تو خوش آمدید کہیں گے، تاہم اگر وہ ساتھ نہ بھی دیں تو ہم پھر بھی پاکستان کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے کیلئے اپنا پیٹ کاٹ کر وسائل دیں گے اور ضمن میں میں اربوں روپے دینے کیلئے تیار ہوں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سنٹر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے زیراہتمام 2 روزہ سکلزایکسپو اور جاب فئیر2015 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے 4 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو 75، 75 ہزار روپے کے بلاسود قرضے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرضے ’’اخوت‘‘ اور ٹیوٹا کے اشتراک سے فنی تربیت مکمل کرنے والے ہنرمند نوجوانوں میں تقسیم کئے جائیں گے جس کیلئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ۔
لاہو ر یونیو رسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کا نو وکیشن ۔ LUMS میں 27ویں سالانہ کا نو وکیشن تقریبات کا با قاعدہ آغاز یو نیورسٹی کیمپس میں 16جون 2015بروز منگل منعقد ہونے والی گریجو ایٹ نائٹ سے کیا گیا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سہیل نقوی نے نیشنل مینجمنٹ فاؤنڈیشن میڈلز( NMF)،کا رپو ریٹ میڈلز اور ڈین آنر لسٹ ایوارڈز جیتنے والے طلبہ کو سراہا ۔ اس تقریب میں میو زیکل پر فارمنس کا اہتما م بھی کیا گیا جس سے طلبہ بے حد لطف اندوز ہوئے ۔ میوزیکل پر فارمنس اور عشائیہ کے بعد طلبہ میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔تقریب میں گر یجو ایشن مکمل کرنے والے طلبہ کے علاوہ یونیور سٹی کے اسا تذہ نے بھی شرکت کی ۔
22۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن بھرتی پر پابندی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر فیض الحسن نے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں جامعہ میں تدریسی اور غیرتدریسی ملازمین کی نئی بھرتیوں اور ترقیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ واضح رہے کہ یہ پابندی جامعہ کے ہیڈ آفس اور تمام کیمپسز پر فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔
غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کا چیرٹی پروگرام۔ دیہی و پسماندہ علاقوں میں فروغ تعلیم کا دائرہ وسیع کرنے اور اپنے 634 سکولوں میں پڑھنے والے 42 ہزار سے زائد یتیم و مستحق بچوں کی تعلیمی سرپرستی کیلئے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نیچیرٹی پروگرام بعنوان ’’ایک شام انور مسعود کے ساتھ‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔ مہمان خصوصی انور مسعود نے نہ صرف اپنی شاعری کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا بلکہ ان سے پسماندہ دیہاتوں کی تعلیمی ترقی اور کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کو خواندہ بنانے میں مدد دینے کیلئے غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کا ساتھ دینے اور تعلیم کو زکوٰۃ و عطیات دینے کی بھی اپیل کی ۔
۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ کا وزٹ پچاس لاکھ سے زائد افراد نے کیا ۔ وزٹ کرنے والے افراد کا تعلق پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے ہے ۔ پیف ترجمان نے کہا کہ ویب سائٹ پر عوام کی رہنمائی کے علاوہ مختلف سرکلرز وہدایات بھی اپ لوڈ کی جاتی ہیں تاکہ سکول پارٹنر مسلسل با خبر رہیں ۔ اشتہارات اور ٹینڈرنوٹس بھیآویزاں کئے جاتے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس بارے میں جا ن سکیں ۔
ویٹرنری یونیورسٹی میں لیبا ر ٹر ی کا افتتا ح ۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈاینیمل سائنسز لا ہور کے را وی کیمپس پتو کی میں گذ شتہ رو ز وا ئس چانسلرپرو فیسر ڈا کٹر طلعت نصیر پا شا نے اما ئینو ایسڈ اینا لیسز لیبا ر ٹر ی کا افتتا ح کیا۔لیبا ر ٹر ی کے قیا م کا مقصد لا ئیو سٹاک اور پو لٹر ی فیڈ کی ضرو ریا ت کو مو جودہ دور کے تقا ضو ں کے عین مطا بق رکھ کر بنا یا گیا ہے جو کہ جد ید تر ین تحقیقی، تجر با تی آلا ت سے لیس ہے۔لیبا ر ٹر ی کونامور اینمل نیوٹر یشنسٹ پرو فیسر ڈاکٹر محمد یعقو ب ملک کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ وا ئس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پا شا نے کہا کہ لیبا ر ٹر ی کا قیام فیڈ انڈ سٹر ی کی تر قی اور اس کو فعال بنا نے کے لیئے انتہا ئی مو ثر ہے نیز شعبہ اینمل سا ئنسز کی تحقیقی و عملی سر گر میو ں میں پیشہ وارا نہ صلا حیتو ں کو اُ جا گر کر نے کے لیئے بھی لیبا ر ٹر ی کو استعما ل کیا جا ئے گا ۔
سماجیات کی تشکیل اور تعبیر نو جامعات کی اہم ذمہ داری ہے۔ طلبہ قوم کا مستقبل اور تعلیمی اداروں کا اثاثہ ہیں۔ ان کی کردار سازی ہمارا اوّلین فریضہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جامعہ گجرات نے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ’’سماجی آگاہی مہم‘‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹراو آر آئی سی ڈاکٹر مدثر اقبال نے کہا کہ جامعات کا منصب سماجی و معاشی ڈھانچہ کومضبوط بنانے کے لیے ہاتھ بٹانا ہے۔
رشوت لیکر غلط کتابیں چھاپنے والوں کی خلاف کاروائی نہیں کی جاتی: ادیب جاودانی۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے چھپنے والی آٹھویں کی جغرافیہ کتاب میں سرائیکستان صوبہ کا نقشہ چھپنے کے حوالے سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی نے ایک بیان میں کہا ہے یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آٹھویں جماعت کی کتاب میں غلط نقشہ چھاپنے پر جوڈیشل انکوائری کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادیب جاودانی نے کہا کہ ماضی میں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے پبلشروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی کیوں کہ انہوں نے حکام کو لاکھوں روپے رشوت دے کر کتابیں چھاپنے کے ٹھیکے لئے ہوئے تھے۔
شعبہ فارسی یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ وطالبات کی شاندار کارکردگی ۔ پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام امتحان میں صوبہ بھر سے پانچ فارسی لیکچرار کامیاب ہوئے جن میں سے 2یونیورسٹی آف سرگودھا سے فارغ التحصیل ہیں۔ یوں جامعہ سرگودھا کی کامیابی کا تناسب صوبہ بھر کے تمام کالجز اور یونیورسٹیوں میں 40فیصد رہا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدا کرم چودھری نے طلبہ وطالبات اور شعبہ فارسی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شریف کو مبارکباد دی ہے۔
۔’ایگزیکٹ سکینڈل پر میڈیا کا کردار‘ کے موضوع پرمباحثہ۔ پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات میں ’ایگزیکٹ سکینڈل پر میڈیا کا کردار‘ کے موضوع پرمباحثے کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر صحافی اور جنگ میگزین کے ایڈیٹر صہیب مرغوب نے طلبہ و طالبات کے میڈیا کے کردار کے حوالے سے سوالوں کے جواب دیئے۔ اس موقع پر فیکلٹی ممبران شازیہ طور اور فہد محمود، ایم فل سکالرز اور دیگر طلبہ نے بحث میں حصہ لیا۔ صہیب مرغوب نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں نئے ادارے پچھلے کئی سال سے انڈسٹری میں آ رہے ہیں اور اس سے مستحکم اداروں کو کوئی فرق نہ ہی پڑا ہے اور نہ ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ بول کے آنے سے میڈیا کے اداروں کو کوئی خطرہ ہے جبکہ تمام ادارے جن کی اس انڈسٹری میں ساخ بن چکی ہے ان کو ان کی جگہ سے ہٹانا اتنا آسان نہیں جتنا کچھ لوگ سمجھ رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ میڈیامارکیٹ کی صورتحال اور بول کی تنخواہوں کو دیکھا جائے تو بول کی معاشی بنیاد صحیح نہ تھی اور اسکی کامیابی ممکن نظر نہ آرہی تھی۔طلبہ نے سخت سوال کئے۔ ایک سوال کے جواب میں صہیب نے کہا کہ صحافی بول میں اپنی مرضی سے شامل ہوئے اور وہ اتنی پیشہ ورانہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ اپنی جگہ کسی بھی ادارے میں بنا لیں گے۔
۔سرکاری سکولوں میں سمر کیمپ بری طرح ناکام۔ اساتذہ نے مایوسی سے سمر کیمپ ختم کردیے۔ جس کے باعث2016میں طلبہ کی ایک بڑی تعداد کے فیل ہونے کے امکانات پائے جارہے ہیں۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال سمر کیمپ میں طلبہ ،والدین سمیت اساتذہ کی ایک بڑی تعداد سمر کیمپ سے مایوس نظر آرہی ہے یہی وجہ ہے کہ اس وقت90فیصد سے زائد سکولوں میں سمر کیمپ نہیں لگایا گیا ہے جس سے پانچویں، آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے بچوں کی ایک بڑی تعداد سالانہ امتحانات2016میں ناکام ہوتی نظر آرہی ہے۔ محکمہ تعلیم کے احکامات کے مطابق والدین کی اجازت کے بغیر سمر کیمپ کے لئے طالب علم کو نہیں بلایا جاسکتا جس کے باعث طلبہ کی کثیر تعداد سمر کیمپ سے غیر حاضر ہے اور اساتذہ نے بھی طلبہ کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے سمر کیمپ ختم کردیے ہیں کیونکہ اس پر محکمہ تعلیم نا تو سختی کرسکتا ہے اور نا ہی کسی قسم کی پابندی عائد کرسکتا ہے کیونکہ والدین سے سمر کیمپ کے لئے تحریری اجازت لینا بہت ضروری ہوتی ہے۔
۔ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح ۔ سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن احمد علی کمبوہ نے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے قائم کردہ پنجاب ڈے کیئر فنڈ کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں ڈے کیئر سنٹر کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر پروگرام ڈائریکٹر ڈی ایس ڈی احسان بھٹہ ، ایڈیشنل پروگرام ڈائریکٹر نوید شہزاد مرزا اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ ڈے کیئر میں پندرہ سے بیس بچوں کی گنجائش ہے ۔
پنجاب یونیورسٹی ہاؤسنگ سوسائٹی ٹاؤن Iمیں میٹرو اورنج ٹرین کا ڈپو نہ بنانے کا اعلان ۔ٹرین ڈپو اساتذہ کی سوسائٹی سے 0.7کلومیٹر کے فاصلے پر متبادل جگہ پر بنایا جائے گا۔ یونیورسٹی ٹاؤن IIکا NOCآئندہ ہفتے جاری کر دیا جائے گااور ٹاؤن IIIکے لئے تجاویز طلب کر لی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اوروائس چیئرمین لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے نائب چیئرمین خواجہ حسان احمد نے یہ اعلان پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران ، صدر آسا پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین، چیئرمین ہاؤسنگ سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال اور سینکڑوں اساتذہ و ملازمین نیو کیمپس الرازی ہال میں موجود تھے۔